|

غیر معیاری موبائل سروس اور ناقص کوریج پر پی ٹی اے کا ایکشن، آپریٹرز کو 30 دن کی مہلت

اسلام آباد: ملک بھر میں موبائل فون سروس کے معیار اور کوریج کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل آپریٹرز کے خلاف ریگولیٹری کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ پی ٹی اے نے سروس میں خامیوں کا سامنا کرنے والی موبائل کمپنیوں کو مسائل دور کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دے دی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سروس کے معیار میں موجود خامیوں کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیں، ضروری اقدامات کریں اور بہتری کے لیے اصلاحی منصوبہ اتھارٹی کو جمع کرائیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر سروس کے معیار، کوریج اور صارفین کو درپیش مسائل حل نہ کرنے والے موبائل آپریٹرز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔

پی ٹی اے کی دستاویزات کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران موبائل کمپنیوں پر سروس کے معیار، کوریج اور دیگر خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر تین ارب اکتالیس کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق موبائل آپریٹرز کو معیارِ سروس (کوالٹی آف سروس) اور کوریج سے متعلق خلاف ورزیوں پر 20 وارننگ لیٹرز جبکہ 86 شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کو بہتر اور معیاری ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی، کال معیار، انٹرنیٹ اسپیڈ اور کوریج کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس کے معیار کو جانچنے کے لیے سروے اور مانیٹرنگ کا عمل جاری رہتا ہے، جس کے دوران سامنے آنے والی خامیوں پر متعلقہ کمپنیوں کو اصلاحی اقدامات کی ہدایت دی جاتی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *