|

واٹس ایپ کا نیا فیچر صارفین کے لیے متعارف

 

واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کی بدولت دوستوں اور اہلِ خانہ کی سالگرہ یاد رکھنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔ اس سہولت کے بعد صارفین کو الگ سے کیلنڈر یا کسی دوسری ایپ کی مدد لینے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ تمام معلومات براہِ راست واٹس ایپ کے اندر ہی دستیاب ہوں گی۔

ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اس وقت یہ فیچر اینڈرائیڈ کے آزمائشی نسخے میں جانچا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد صارفین کو ان کے محفوظ رابطوں کی سالگرہ کے بارے میں بروقت آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ مقررہ دن پر فوری طور پر مبارکباد کا پیغام بھیج سکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالگرہ کی یاددہانی موصول ہونے کے بعد صارفین بغیر کسی اضافی مرحلے کے متعلقہ گفتگو کھول کر اپنے دوست یا رشتہ دار کو مبارکباد دے سکیں گے، جس سے رابطوں کو برقرار رکھنا مزید سہل ہو جائے گا۔

اس نئی سہولت کے ساتھ واٹس ایپ کے اندر ایک الگ سالگرہ کا حصہ بھی متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس حصے میں محفوظ رابطوں کی تاریخِ پیدائش ایک ہی جگہ پر دیکھی جا سکے گی، جس سے اہم تاریخوں پر نظر رکھنا اور آئندہ آنے والی سالگرہوں سے باخبر رہنا آسان ہو جائے گا۔

تاہم یہ فیچر صرف اسی صورت میں فعال ہوگا جب صارف کے رابطوں میں شامل افراد اپنی تاریخِ پیدائش واٹس ایپ پر درج کریں گے۔ اگر کسی رابطے نے اپنی سالگرہ کی معلومات فراہم نہیں کی ہوں گی تو اس کے بارے میں کسی قسم کی یاددہانی موصول نہیں ہوگی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چونکہ یہ سہولت ابھی تیاری اور آزمائش کے مرحلے میں ہے، اس لیے اس کی خصوصیات، طریقۂ کار اور ظاہری انداز میں حتمی اجرا سے قبل مزید تبدیلیاں کیے جانے کا امکان موجود ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *