کویت میں امریکی ریڈار سسٹم تباہ، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع امریکی فوجی تنصیب سے منسلک متعدد ریڈار نظاموں کو نشانہ بنا کر انہیں ناکارہ بنا دیا ہے، جبکہ اس کارروائی کو دشمن کی عسکری صلاحیت محدود کرنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کویت کے علی ال سالم ایئر بیس کے اطراف نصب ایک انتباہی ریڈار اور ایک حربی ریڈار نظام کو حملے میں تباہ کر دیا گیا۔ بیان کے مطابق جزیرہ بوبیان پر قائم ایک اور ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ کام کرنے کے قابل نہیں رہا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد دشمن کی نگرانی اور دفاعی استعداد کو متاثر کرنا تھا، جس میں کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ ان حملوں کے ذریعے مخالف فریق کو مزید عسکری اقدامات سے باز رکھنے کی کوشش بھی کی گئی۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مخالف قوتوں کو سبق سکھانے کے لیے جارحانہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔
تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ کویت یا امریکی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل جاری نہیں کیا گیا ہے۔