قیمتوں کے یومیہ تعین پر مذاکرات ناکام‘ مالکان کا غیرمعینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک + کامرس رپورٹر) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین پر حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا۔ آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کردی۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان بٹ نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات کسی مثبت نتیجے پر نہیں پہنچ سکے جبکہ مارجن اور یومیہ قیمتوں کے نفاذ پر بات چیت ناکام رہی۔ ایسوسی ایشن نے تمام پیٹرول پمپ مالکان کو ہڑتال میں مکمل شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے 22 جولائی کی رات 12 بجے سے تمام پیٹرول پمپ مکمل طور پر بند رکھنے کی اپیل کی۔ ادھر مرکزی رہنما آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن شعیب خان نے ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جائز مطالبات پر مثبت فیصلے کرے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے تب تک پمپ بند رہیں گے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہڑتال کے معاملے پر پورے پاکستان کے اپنے پیٹرولیم ریٹیلرز بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے دی ہے۔ اس حوالے سے گڈز کیرئیر نے آج بروز بدھ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ صدر کراچی گڈز کیرئیرایسویس ایشن ملک شیر اعوان نے کہا کہ ڈیزل قیمت میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے ہمارے لیے کاروبار کرنا انتہائی دشوار بنادیاہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈیزل کی قیمت اور ٹول ٹیکس کو ایک ماہ قبل کی سطح پر لایا جائے ورنہ ٹرانسپورٹ کے حق کیلیے فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *