جاپان میں انسانوں کو ٹھنڈا کرنے والا ’’ہیومن فریج‘‘ متعارف
ٹوکیو: جاپان میں حالیہ دنوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے اور حکومت کی جانب سے ہیٹ اسٹروک الرٹ جاری کیے جانے کے بعد 2 جاپانی کمپنیوں نے شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ایک منفرد “ہیومن فریج” (پرسنل کولنگ باکس) متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد ہیٹ ویو کے دوران لوگوں کو فوری ٹھنڈک فراہم کرنا ہے۔
کمپنیوں کے مطابق یہ اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کردہ ایک خصوصی کولنگ باکس ہے، جس کے اندر ایک کرسی نصب ہے۔ صارف اس میں بیٹھنے کے بعد دروازہ بند کرتا ہے، جس کے بعد طاقتور ٹھنڈی ہوائیں سر، گردن، کندھوں اور کمر کی جانب خارج ہوتی ہیں۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹھنڈی ہوا جسم کے ان حصوں کا درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کر دیتی ہے، جس سے جسم کا مجموعی درجہ حرارت بھی تیزی سے کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
اس جدید کولنگ ڈیوائس کی قیمت 15 لاکھ جاپانی ین رکھی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ 15 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت برقرار رکھتی ہے اور حفاظتی نظام کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 منٹ تک چلنے کے بعد خودکار طور پر بند ہو جاتی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس “ہیومن فریج” کی لمبائی 84 انچ جبکہ چوڑائی 47 انچ ہے۔ اسے 1 گھنٹے تک چلانے پر صرف 16 جاپانی ین کی بجلی خرچ ہوتی ہے جو روایتی ایئر کنڈیشنرز کے مقابلے میں کم ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ پورٹ ایبل ڈیوائس پورے جسم کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے آسانی سے مختلف مقامات پر منتقل کیا جا سکتا ہے، خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں تعمیراتی مزدور، فیکٹری ملازمین یا دیگر افراد کو شدید گرمی میں طویل وقت تک کام کرنا پڑتا ہے۔
کمپنی نے مزید دعویٰ کیا کہ اس کولنگ باکس میں بیٹھنے والا شخص صرف 5 منٹ کے اندر نمایاں ٹھنڈک محسوس کرنے لگتا ہے جبکہ 10 منٹ گزارنے سے ہیٹ ویو کی علامات کی شدت میں واضح کمی آ سکتی ہے۔