جے کے اسپننگ ملز کا سولر پاور میں 8 میگاواٹ کا اضافہ
کراچی (کامرس رپورٹر) مقامی کمپنی جے کے اسپننگ ملز لمیٹڈ (جے کے ایس ایم) نے گزشتہ دنوں اعلان کیا ہے کہ اس نے قابل تجدید توانائی کے استعمال کو بڑھاتے ہوئے اپنی سولر پاور پیدا کرنے کی صلاحیت میں 8 میگاواٹ کا اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی نے یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں دی۔نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کمپنی نے شمسی توانائی پر انحصار بڑھا کر صاف اور قابل تجدید توانائی کے استعمال کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ یہ اسٹرٹیجک سرمایہ کاری توانائی کی کارکردگی بہتر بنائے گی، نمایاں لاگت بچت پیدا کرے گی اور کمپنی کی طویل مدتی آپریشنل پائیداری کو مضبوط کرے گی۔