جماعت اسلامی حیدر آباد کا مہنگائی‘پانی کی قلت‘لوڈشیڈنگ کیخلاف دھرنے کا اعلان
حیدرآباد(نمائندہ جسارت)حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کے خلاف جماعت اسلامی حیدرآباد نے بھر پور جدوجہد کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر تحریک کے تحت پیٹرول کی قیمتوں، لیوی اور ناجائز ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست بروز جمعہ حیدر چوک پر عظیم الشان دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار امیر جماعت سلامی حیدرآبادحافظ طاہر مجید نے حیدرآباد پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیرضلع عقیل احمد خان،قیم ضلع محمد حنیف شیخ، نائب قیمین عبدالباسط خان،حافظ سفیان ناصر،یوسی124کے چیئرمین آفاق نصر بھی موجود تھے ۔ حافظ طاہر مجید نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور پٹرولیم لیوی سمیت دیگر ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ، اب روزانہ کی بنیاد پر ذہنی اذیت دی جارہی ہے کمر توڑ مہنگائی نے ملکی معیشت اور کاروبار کو تباہ حالی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اس ظلم کے خلاف جماعت اسلامی نے ہفت روزہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں ہینڈ بلز، بینرز اور ہورڈنگز کے ذریعے بیداری مہم چلائی جائے گی۔ بازاروں، چوکوں اور چوراہوں پر تاجروں اور ان کی انجمنوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی جبکہ شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد میں یوتھ موٹر سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس تحریک کے حوالے سے 7 اگست بروز جمعہ حیدر چوک پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ واسا اور حیسکو کی ناہلی نے حیدرآباد کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی، 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور پینے کے پانی کا بحران نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حیدرآباد شہر سے ایک طرف دو بڑی نہریں بہہ رہی ہیں اور دوسری طرف دریائے سندھ، لیکن حیدرآباد کے مکین پینے کے پانی سے محروم ہیں،آئی پی پیز کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ ،تاجر برادری کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، چھوٹکی گٹی اور الرحیم شاپنگ سینٹر کی سیل شدہ دکانیں فوراً کھولی جائیں،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ملازمین کی 19 ماہ سے بند تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں۔ حیدرآباد کے شہری مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا (WASA) کی مبینہ نااہلی اور غفلت کے باعث شہر کے طول و عرض میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ مہنگائی کی چکی میں پسی غریب عوام اب اس سوچ میں مبتلا ہے کہ وہ پینے کا پانی خریدے یا بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرے۔ دوسری جانب حیسکو (HESCO) کی من مانیوں نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ ٹیکنیکل خرابی کے بہانے گھنٹوں بجلی غائب رکھنا معمول بن چکا ہے۔حافظ طاہر مجید نے بلدیاتی اور انتظامی غفلت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود لطیف آباد کے دونوں پمپنگ اسٹیشن کی مشنیں خراب ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ لطیف آباد کو ڈبونے کی سازش کر رہی ہے۔ ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ملازمین گزشتہ 19 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور شدید فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی بقایا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں۔