204
|

وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کیلئے 204 ارب روپے منظور، 27 ارب روپے کی فنانسنگ جاری

اسلام آباد:وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت غریب اور متوسط طبقے کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ حکومت نے اسکیم کے لیے 204 ارب روپے کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، جبکہ اب تک 27 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر جاری کام اور بینکوں کی جانب سے فنانسنگ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسکیم پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیراعظم نے سرکاری اور نجی بینکوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس منصوبے میں بھرپور تعاون کریں اور زیادہ سے زیادہ قرضہ فراہم کریں تاکہ رہائشی منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جا سکے۔

اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بینکوں نے اب تک 204 ارب روپے کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے، جبکہ 27 ارب روپے کی رقم مختلف درخواست گزاروں کو فراہم کی جا چکی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہر ہفتے منصوبے کی پیش رفت کا مشترکہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے لیے عمودی (Vertical) اور دیہی و مضافاتی علاقوں کے لیے افقی (Horizontal) ہاؤسنگ منصوبوں کی جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ رہائشی سہولیات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *