ای اسپورٹس ورلڈکپ: پاکستان کے محمد زبیر نے تاریخ رقم کردی
پاکستان کے محمد زبیر نے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے فائنل میں جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی لو ہائی کو 5-0 سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک ٹیکن 8 کے مقابلے ہوئے۔ ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، جس میں پاکستانی کھلاڑی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
محمد زبیر نے ٹائٹل جیتنے کے ساتھ 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔ علاوہ ازیں انہیں کلب چیمپئن شپ کے ایک ہزار پوائنٹس بھی ملے، جو ان کی کامیابی کو مزید اہم بناتے ہیں۔
فائنل سے قبل زبیر نے سیمی فائنل میں اپنے ہم وطن ارسلان ایش کا سامنا کیا۔ 8 مرتبہ ایوو چیمپئن شپ جیتنے والے ارسلان ایش کو انہوں نے سنسنی خیز مقابلے میں 5-4 سے شکست دے کر فیصلہ کن مرحلے میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب ارسلان ایش کو تیسری پوزیشن کے مقابلے میں آسٹریلیا کے یگامی نے شکست دی۔ یوں پاکستانی کھلاڑی چیمپئن بنے جبکہ ارسلان ایش ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرسکے۔
یاد رہے کہ ارسلان ایش نے 2 ماہ قبل لاس ویگاس میں 2026 ایوو چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
محمد زبیر کی فتح پر اسپورٹس ورلڈ کپ نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ٹیکن دنیا کی معروف فائٹنگ گیمز میں شامل ہے، جبکہ ورلڈ کپ میں کئی دیگر مقبول گیمز کے مقابلے بھی ہوئے۔