| |

یومِ آزادی سے عید میلاد النبی ﷺ تک، اگست میں چھٹیوں کا نیا شیڈول

کراچی: اگست 2026 میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو متعدد سرکاری اور ہفتہ وار تعطیلات میسر آئیں گی، جس کے باعث ماہِ اگست میں چھٹیوں کا دورانیہ نمایاں رہے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سرکاری میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 28 اگست 2026 کو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عام تعطیل ہوگی۔

اعلان کے مطابق جن سرکاری اور نجی اداروں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوتی ہیں، وہاں ملازمین کو 28 سے 30 اگست تک مسلسل تین روز کی چھٹی ملے گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں جبکہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسی حساب سے 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخ کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

دستیاب سرکاری تعطیلات کے شیڈول کے مطابق پاکستان میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 25 اگست بروز منگل عام تعطیل مقرر کی گئی ہے۔

اگست 2026 پاکستانی عوام کے لیے تعطیلات کے اعتبار سے بھی اہم ثابت ہوگا۔ ماہ کے دوران دو وفاقی تعطیلات اور 10 ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث مجموعی طور پر 12 تعطیلات متوقع ہیں۔

پاکستان میں 14 اگست بروز جمعہ یومِ آزادی کی عام تعطیل ہوگی، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔ اس طرح شہریوں کو 14 سے 16 اگست تک مسلسل تین روز کی تعطیلات میسر آئیں گی۔

یوں اگست کے دوران سرکاری تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے امتزاج سے شہریوں کو آرام، تفریح اور مختصر سفری منصوبوں کے لیے متعدد مواقع حاصل ہوں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *