کراچی کے ٹاپ 10 کالجوں میں صرف7 سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو داخلہ مل سکا
کراچی کے سرکاری اسکولوں میں معیارِ تعلیم اور ان کے طلبہ کی شہر کے نمایاں سرکاری کالجوں تک رسائی کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے ٹاپ 10 سرکاری کالجوں میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی اکثریت نجی اسکولوں سے میٹرک کرنے والوں پر مشتمل ہے۔ ان کالجوں میں داخلہ لینے والے ہر 100 طلبہ میں تقریباً 93 کا تعلق نجی اسکولوں سے، جبکہ صرف 7 طلبہ سرکاری اسکولوں سے میٹرک کرنے والے ہیں۔
کالجوں سے حاصل کردہ داخلہ اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ 10 سرکاری کالجوں میں مجموعی طور پر 13 ہزار 211 طلبہ و طالبات نے داخلہ لیا۔ ان میں 12 ہزار 264 طلبہ نجی اسکولوں جبکہ صرف 947 طلبہ سرکاری اسکولوں سے میٹرک کر کے آئے تھے۔
یوں ان کالجوں میں ہونے والے مجموعی داخلوں میں نجی اسکولوں کے طلبہ کا حصہ 92.8 فیصد رہا، جبکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ صرف 7.2 فیصد داخلے حاصل کر سکے۔ یہ اعداد و شمار سرکاری اسکولوں کے معیارِ تعلیم اور ان کے طلبہ کی اعلیٰ تعلیمی مواقع تک رسائی کے حوالے سے اہم سوالات اٹھاتے ہیں۔