کوٹ رادھا کشن: پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 2 سالہ بچہ جاں بحق، لواحقین کا احتجاج

قصور: کوٹ رادھا کشن کے محلہ فاروقیہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گیس پائپ لائن کی تبدیلی کے لیے کی گئی کھدائی میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر 2 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد بچے کے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے رائے ونڈ روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق محلہ فاروقیہ میں گیس کے پائپ تبدیل کرنے کے لیے سڑک کے قریب گڑھا کھودا گیا تھا، حالیہ بارش کے باعث گڑھے میں پانی جمع ہوگیا۔ گڑھے کو مناسب طریقے سے محفوظ نہ کیے جانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سالہ احمد گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ کھیلتے ہوئے اچانک بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں جاگرا۔ بچے کو گڑھے سے نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، وہ جانبر نہ ہوسکا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر بچے کے اہلخانہ اور بڑی تعداد میں علاقہ مکین موقع پر پہنچ گئے اور بچے کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے رائے ونڈ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین اور لواحقین نے مطالبہ کیا کہ گڑھا کھودنے اور اسے کھلا چھوڑنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، اگر گڑھے کو مناسب طریقے سے بند یا محفوظ کردیا جاتا تو معصوم بچے کی جان بچ سکتی تھی۔

مظاہرین نے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا،صرف یقین دہانی کافی نہیں، ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دوسری جانب مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ پولیس نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی، مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ حکام کی جانب سے باقاعدہ یقین دہانی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی تک احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ اہلخانہ کمسن احمد کی اچانک موت پر غم سے نڈھال ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں گیس اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے کھودی جانے والی جگہوں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *