میر رضا قتل کیس میں غفلت پر 2 پولیس افسران معطل، ایک کی تنزلی
کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس میں غفلت پر محکمہ پولیس نے 2 افسران کے خلاف کارروائی کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ڈی ایس پی شاہراہ فیصل اور ایس ایچ او گلستان جوہر کو معطل کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کو میر رضا قتل کیس میں فرائض سے غفلت اور کوتاہی پر معطل کیا گیا، تاہم کراچی پولیس کے سرکاری نوٹیفکیشن میں کارروائی کی براہ راست وجہ قتل کیس کو قرار نہیں دیا گیا۔
ترجمان ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق دونوں افسران کے خلاف فرائض میں غفلت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوئی ہے۔ اعلامیے میں میر رضا کیس کا نام لیے بغیر محکمانہ کارروائی کی تصدیق کی گئی ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے ایس ڈی پی او شاہراہ فیصل، ایسٹ زون محمد ارشد آفریدی کی فوری معطلی کے احکامات جاری کیے۔ ان کے خلاف محکمانہ سطح پر مزید کارروائی بھی قواعد کے تحت ہوگی۔
دوسری جانب ایس ایچ او گلستان جوہر ڈسٹرکٹ ایسٹ سب انسپکٹر کامران قریشی کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ محکمانہ کارروائی کے ساتھ انہیں موجودہ عہدے سے تنزلی کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
یہ کارروائی وزیر داخلہ سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کے نوجوان تاجر کے گھر پہنچنے کے بعد سامنے آئی۔ واقعے کے بعد پولیس کے طرزِ عمل اور تفتیشی معاملات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واضح کیا کہ محکمانہ نظم و ضبط پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فرائض میں غفلت یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف قواعد کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔