بنوں میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، ایک دہشت گرد ہلاک، متعدد مشتبہ افراد گرفتار
بنوں: ضلع بنوں کے علاقے میریان میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ میریان کی حدود میں واقع خنی کلے، بارکزئی اور گردونواح میں کی گئی۔ آپریشن میں ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز، کوئیک رسپانس فورس اور سیکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔
کارروائی کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک دہشت گرد کی لاش قبضے میں لے کر شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 3 میگزین اور ایک بندولیر برآمد ہوا ہے۔
علاقے میں تلاشی اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کیپٹن (ر) محمد فرقان بلال نے کامیاب کارروائی پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شاباش دی۔
ڈی پی او بنوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکار ہمارے اصل ہیروز ہیں، جو بہادری اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں، بنوں میں امن کے قیام اور دہشت گردی و جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کیے جا رہے ہیں اور کارروائیاں مقصد کے حصول تک جاری رہیں گی۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس کو دیں۔