امریکا اور اسرائیل
|

امریکا اور اسرائیل ایران کے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے دشمن ہیں: ایرانی سپریم لیڈر

تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل صرف ایران کے نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے دشمن ہیں، مشرق وسطیٰ کے ممالک کو اپنے حقیقی دشمنوں اور ان کے عزائم کو سمجھتے ہوئے ان کے منصوبوں کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا چاہیے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ پیغام حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر جاری کیا۔ اپنے تحریری بیان میں انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ موجودہ حالات کا حقیقت پسندانہ اور گہرا جائزہ لیں اور اپنے مشترکہ مفادات و سلامتی کے تحفظ کے لیے باہمی اتحاد اور تعاون کو فروغ دیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس بات کا تعین کریں کہ ان کے اصل دشمن کون ہیں اور ان کے پس پردہ کیا مقاصد کارفرما ہیں۔ صرف خطرات کی نشاندہی کافی نہیں بلکہ خطے کے ممالک کو بیرونی طاقتوں کے منصوبوں کو سمجھ کر ان کا مؤثر مقابلہ بھی کرنا ہوگا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلم دنیا کے باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم کی ایک بڑی وجہ مسلم ممالک کا متحد نہ ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خلیجی ممالک باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوتے تو دشمن ان کی سرزمین اور دولت پر نظریں جمانے کی جرأت نہ کرتا۔

انہوں نے خطے کے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کو اپنے درمیان تعاون بڑھا کر بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنا چاہیے اور اپنے مستقبل سے متعلق فیصلے خود کرنے چاہییں۔

ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور خطے کی سلامتی کی صورتحال عالمی سطح پر مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے بیان کو خطے کے ممالک کے لیے ایک اہم سیاسی اور سلامتی سے متعلق پیغام قرار دیا جارہا ہے، جس میں انہوں نے بیرونی خطرات کے مقابلے میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی ضرورت کو نمایاں کیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *