ایران امریکا جنگ سے فضائی سفر 35 فیصد مہنگا، مسافروں پر اضافی بوجھ بڑھ گیا
لاہور: ایران امریکا جنگ اور خطے میں جاری کشیدگی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ایئرلائنز اور ایوی ایشن صنعت کو شدید متاثر کیا ہے، جس سے بڑھتی تیل قیمتوں کے ساتھ فضائی سفر بھی 30 سے 35 فیصد تک مہنگا ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کے بعد حالیہ کشیدگی نے ایوی ایشن شعبے کو بڑا مالی نقصان پہنچایا ہے۔ آبنائے ہرمز بند ہونے سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور کاروباری اداروں نے مال کی ترسیل کے لیے ایئر کارگو کا سہارا لیا۔
دوسری جانب ایئرلائنز نے بڑھتی طلب اور اخراجات کے باعث کرایوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ بعض فضائی کمپنیوں نے ٹکٹوں کی قیمتیں 40 سے 50 فیصد تک بڑھا دی ہیں، جس سے مسافروں کے اخراجات مزید بڑھ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ عالمی ایوی ایشن بحران اب سنگین شکل اختیار کرچکا ہے۔ اگر موجودہ حالات جلد معمول پر نہ آئے تو کئی ایئرلائنز کو اپنے فضائی آپریشن محدود یا بند کرنا پڑسکتے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود بار بار بند ہونے سے بین الاقوامی فضائی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں دنیا بھر میں 52 ہزار سے زائد پروازیں مکمل طور پر منسوخ کی جاچکی ہیں۔
خطے میں بھارت کو اس بحران سے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فضائی آپریشنز میں مجموعی طور پر 50 سے 60 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی سطح پر تقریباً 60 لاکھ سے زائد مسافر اس بحران سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ پروازوں کی منسوخی اور روٹس میں تبدیلی نے مسافروں کے سفر کا دورانیہ بھی بڑھا دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایوی ایشن شعبے کو ایک طرف فضائی حدود کی بندش کا سامنا ہے۔ دوسری طرف تیل کی بڑھتی قیمتیں اور اضافی آپریشنل اخراجات ایئرلائنز کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں۔