|

ایران سے معاہدہ یا ہتھیار ڈالنے تک ناکہ بندی ختم نہیں ہوگی: صدر ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک تہران کسی معاہدے پر آمادہ نہیں ہو جاتا یا مکمل طور پر ہتھیار نہیں ڈال دیتا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بعض معاملات پر بات چیت جاری ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم پر جاری تفصیلی بیان میں واضح کیا کہ امریکا ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے ایرانی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تہران ایک متضاد طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہے۔ ان کے بقول ایرانی حکام نجی سطح پر ملاقاتوں اور مذاکرات کی خواہش ظاہر کرتے ہیں، لیکن عوامی سطح پر یہ مؤقف اپناتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو رہی اور صرف عمان کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت خود مذاکرات کی خواہاں ہوتی ہے اور ملاقاتوں کی درخواست کرتی ہے، مگر جب رابطوں کا سلسلہ آگے بڑھتا ہے اور آئندہ ملاقاتوں کا شیڈول طے ہو جاتا ہے تو وہی حکام کھلے عام ان مذاکرات کی تردید کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایران کے اس مؤقف کو مسترد کر دیا کہ اس اہم سمندری گزرگاہ پر اس کا مکمل کنٹرول ہے۔ ان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ آبنائے ہرمز پر امریکی بحریہ کی مکمل نگرانی موجود ہے اور وہاں سے گزرنے والی کسی بھی چیز پر امریکا کی نظر ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض حلقے امریکی بحری موجودگی کو “فولادی دیوار” سے تعبیر کرتے ہیں، کیونکہ ایران کی جانب جانے والی کسی بھی شے کی نقل و حرکت امریکی نگرانی سے باہر نہیں رہ سکتی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران خواہ اس حقیقت کا اعتراف کرے یا نہ کرے، دونوں ممالک کے درمیان ایک ایسے دیرینہ مسئلے پر بات چیت ہو رہی ہے جسے ان کے بقول تہران نے کئی دہائیوں سے برقرار رکھا ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے اس معاملے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔

اپنے بیان کے اختتام پر امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور واشنگٹن اس مؤقف پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے حال ہی میں امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اس وقت اس کے رابطے صرف عمان کے ساتھ محدود ہیں اور وہ بھی آبنائے ہرمز سے متعلق بعض انتظامی اور بحری معاملات کے سلسلے میں جاری ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *