برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین نے جنگ میں شامل نہ ہونےکی یقین دہانی کرائی ہے: ایران
تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین نے ایران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جنگ میں شریک نہیں ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ایم او یو (MoU) کے تحت بحری آمدورفت کی بحالی کی اجازت نہیں دی اور معاہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل حملہ کیا، جو امریکی وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کا معاملہ بھی امریکا کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی سے جڑا ہوا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایران عمان کے ساتھ ایک نئے بحری راستے پر مذاکرات کر رہا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کو کھولنے کا معاملہ عمان کے ساتھ جاری مذاکرات سے الگ ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا نے سفارت کاری کو موقع دینے کے لیے ایران پر ممکنہ حملہ مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔