|

آبنائے ہرمز کے قریب مال بردار جہاز نامعلوم میزائل کی زد میں، تحقیقات شروع

مسقط: آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب ایک مال بردار جہاز کو نامعلوم میزائل سے نشانہ بنائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے بحری تجارتی نگرانی کے ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ جہاز نے اطلاع دی کہ اسے ایک نامعلوم پروجیکٹائل آ کر لگا، جس کے بعد واقعے سے متعلق فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی گئی۔

بیان کے مطابق یہ واقعہ عمان کے شہر الخصب سے تقریباً 20 ناٹیکل میل (تقریباً 37 کلومیٹر) شمال مشرق میں پیش آیا، جو آبنائے ہرمز کے اہم بحری راستے کے قریب واقع ہے۔

برطانوی بحری ادارے نے متاثرہ جہاز کا نام یا اس کی ملکیت سے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی جبکہ فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ حملے سے جہاز کو کتنا نقصان پہنچا یا اس میں موجود عملے کو کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔

یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کی نوعیت، استعمال ہونے والے پروجیکٹائل اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ  آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ واقعے کے بعد اس حساس بحری گزرگاہ میں سکیورٹی خدشات ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں جبکہ بحری جہازوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی جا رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *