تہران نے موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو سنگین نتائج بھگتے گا، ٹرمپ کی سخت وارننگ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ معاہدے کے لیے اب آخری موقع باقی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر تہران نے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھایا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی ایک مرتبہ پھر مؤخر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد سفارتی کوششوں کو آخری موقع فراہم کرنا تھا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ متعدد ممالک نے رابطہ کرکے ایران کو مزید ایک موقع دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تہران کو دیا جانے والا یہی آخری موقع ہے اور اس کے بعد صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کو مکمل تباہی سے پہلے معاہدے کا امکان دینا چاہتے ہیں، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جلد مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو یہ پیش رفت منگل تک سامنے آسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام کا خاتمہ شامل ہوگا۔ البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ عمل فوری طور پر مکمل نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا۔
امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق نکات جون میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا حصہ تھے۔
دوسری جانب ایران بدستور یہی مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ اس کے رابطے براہِ راست امریکا سے نہیں بلکہ صرف عمان کے ذریعے جاری ہیں۔