کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بو پھیلنے کی شکایات، ایس ایس جی سی کا بیان سامنے آگیا
کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بو پھیلنے کی شکایات کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔
ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نئی گیس پائپ لائن کی گزشتہ روز ٹیسٹنگ کی گئی، جس کے دوران گیس کی شناخت کے لیے شامل کیے جانے والے مادے (اوڈورنٹ) کی مقدار معمول سے زیادہ ہوگئی۔ اسی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں سے گیس لیکیج سے متعلق شکایات موصول ہوئیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ گیس سپلائی سسٹم کے تمام پریشر معمول کے مطابق ہیں اور کہیں بھی گیس لیکیج کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کی بو صرف ٹیسٹنگ کے دوران اوڈورنٹ کی زائد مقدار شامل ہونے کے باعث محسوس ہوئی، لہٰذا صارفین پریشان نہ ہوں اور اطمینان کے ساتھ اپنی روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھیں۔