کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان
کراچی: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم مرطوب رہے گا اور مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جو موسم کو نسبتاً مرطوب بنائے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔