چینی کی فوری برآمد کی اجازت دی جائے، شوگر ملز مالکان کا حکومت کو تیسرا خط
اسلام آباد(رضوان عباسی ): شوگر ملز مالکان نے سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت کے لیے حکومت کو تیسرا خط ارسال کرتے ہوئے فوری طور پر 6 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شوگر انڈسٹری کی جانب سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجود اضافی چینی کے ذخیرے کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
شوگر ملز مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ سرپلس اسٹاک میں سے 6 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی فوری اجازت دی جائے، جبکہ باقی اضافی ذخیرے کو بھی آئندہ کرشنگ سیزن شروع ہونے کے ایک ماہ کے اندر برآمد کرنے کی منظوری دی جائے۔
خط کے مطابق 31 جولائی 2026 تک ملک میں تقریباً 31 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود تھا، جبکہ ملکی سطح پر چینی کی اوسط ماہانہ کھپت تقریباً 5 لاکھ 64 ہزار 196 میٹرک ٹن ہے۔
شوگر انڈسٹری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگلے کرشنگ سیزن کے آغاز تک ملک میں تقریباً 11 لاکھ 97 ہزار ٹن اضافی چینی موجود ہوسکتی ہے۔ صنعت کے مطابق آئندہ کرشنگ سیزن میں گنے کی ایک بار پھر بمپر فصل متوقع ہے، جس سے ملکی ضرورت سے زائد چینی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
شوگر ملز مالکان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر موجود ذخائر صنعت کے لیے مالی دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ فروخت نہ ہونے والی چینی کے باعث شوگر ملز کو فنڈز کی کمی اور دیگر مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
شوگر انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی برآمد کی فوری اجازت دی جائے اور باقی اضافی ذخیرے کو بھی مقررہ مدت کے اندر بیرون ملک بھیجنے کی منظوری دی جائے۔
صنعت کے مطابق اس اقدام سے شوگر ملز پر موجود مالی دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کرشنگ سیزن سے قبل اضافی چینی کے ذخیرے کا مسئلہ بھی حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔