ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان، قطر اور دیگر ثالث ممالک ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ایران کی اولین ترجیح موجودہ حملوں کے دوران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کا تحفظ ہے۔
آسٹریا کے ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثالثوں کے ذریعے رابطے اور پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے مفاہمتی یادداشت کے تحت 30 روز کے اندر آبنائے ہرمز سے محفوظ بحری گزرگاہ کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا، لیکن اس مدت کے اختتام سے قبل ہی امریکا نے مبینہ بحری جہازوں سے متعلق واقعات کو بنیاد بنا کر نئے حملے کیے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران یہ تیسری بار ہے کہ مذاکرات کے عمل کے دوران حملے کیے گئے، جس سے ایران کی سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا۔
ایرانی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق امریکا اب تک ایران کے منجمد اثاثے بھی جاری نہیں کر سکاـ