وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج، معیشت اور سکیورٹی صورتحال پر غور، پاکستان سعودی عرب ترکیہ دفاعی معاہدہ بھی ایجنڈے میں شامل
اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے، جس میں ملک کو درپیش معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سمیت متعدد اہم قومی امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال، معاشی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور درپیش اقتصادی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال اور امن و امان سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئیں گے، جبکہ موجودہ حالات کے تناظر میں حکومت کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کابینہ ارکان کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کے حوالے سے بھی آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم معاہدے کے اہم نکات، اس کی علاقائی اہمیت اور پاکستان کے لیے ممکنہ اثرات پر کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں حکومتی معاملات، قومی پالیسی اور دیگر اہم امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کرے گی۔