|

آبنائے ہرمز پر ٹول فیس کی مخالفت، عالمی شپنگ تنظیموں کا اقوام متحدہ سے رجوع

نیویارک: دنیا کی آٹھ بڑی بین الاقوامی شپنگ تنظیموں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر لازمی ٹول یا سروس فیس عائد کرنے کی کسی بھی تجویز کی مخالفت کی جائے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپنگ تنظیموں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکریٹری جنرل آرسینیو ڈومینگیز کے نام مشترکہ کھلا خط ارسال کیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز جیسے بین الاقوامی بحری راستے پر لازمی ٹول یا ایسی سروس فیس کا نفاذ، جو عملی طور پر ٹول کے مترادف ہو، بین الاقوامی بحری قوانین اور کئی دہائیوں سے رائج اصولوں سے انحراف ہوگا۔

شپنگ تنظیموں نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں اس نوعیت کی فیس عائد کرنے کی اجازت دی گئی تو مستقبل میں دنیا کی دیگر اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں پر بھی اسی طرز کے اقدامات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

تنظیموں کے مطابق اس اقدام سے آزادانہ جہاز رانی کے عالمی اصول کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور بین الاقوامی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شامل ہے، جہاں سے روزانہ بڑی مقدار میں خام تیل، قدرتی گیس اور دیگر تجارتی سامان دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچایا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں کسی بھی نئی لازمی فیس یا مالیاتی پابندی کے نفاذ سے شپنگ اخراجات میں اضافہ اور عالمی سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔

شپنگ تنظیموں نے اقوام متحدہ اور آئی ایم او سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور ایسے کسی بھی اقدام کی حوصلہ شکنی کریں جو عالمی بحری نظام کے لیے خطرناک نظیر بن سکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *