سرکاری ملازمین کیلئے
|

سرکاری ملازمین کیلئے اہم طبی فیصلہ،مہم کل سے شروع

اسلام آباد (17 اگست 2026): وفاقی دارالحکومت میں تعینات سرکاری ملازمین کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 18 اگست سے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزارتوں اور مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کی جائے گی۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اس مہم کے تحت ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا آغاز کریں گے۔

حکام کے مطابق اسکریننگ کے دوران ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا پائے جانے والے سرکاری ملازمین کے لیے مزید طبی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ ہیپاٹائٹس سی پازیٹو ملازمین کا مفت پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے گا، جبکہ حکومت کی جانب سے انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت کیا جارہا ہے، جس کا مقصد بیماری کی بروقت تشخیص اور متاثرہ افراد کو علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 67 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے لیے پروگرام کی مد میں ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس بھی خریدی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس سی کے لیے حاصل کیے گئے نمونوں کی جانچ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں جاری ہے۔

سرکاری ملازمین کی اسکریننگ سے بیماری کی ابتدائی تشخیص میں مدد ملنے اور ضرورت مند افراد کو بروقت علاج فراہم کرنے کی توقع ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *