ملک میں بارشوں
| | | |

ملک میں بارشوں کا نیا اسپیل، لاہور سمیت 4 شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ

لاہور (17 اگست 2026): محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے لاہور سمیت 4 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نم آلود ہوائیں ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔

اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے راوی اور دریائے چناب میں آئندہ دنوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ راوی اور چناب سے منسلک برساتی نالوں میں 21 اگست تک کم سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر کم درجے کا سیلاب برقرار ہے۔

تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق تربیلا ڈیم پانی کی آخری حد تک پہنچ کر مکمل طور پر بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی شرح 69 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر بھی آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *