پاسپورٹ کی تجدید کرانے والوں کے لیے خوشخبری، اہم ہدایات جاری
اسلام آباد: پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے ملک بھر میں تجدیدِ پاسپورٹ کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر پراسیس کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے تمام زونل ہیڈز کے ساتھ ایک آن لائن اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی، عوامی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تمام زونل اور ماتحت پاسپورٹ دفاتر کو مرحلہ وار ماڈل دفاتر میں تبدیل کیا جائے، جہاں صفائی، نظم و ضبط، خوشگوار ماحول اور شہریوں کے لیے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
پاسپورٹ کی تجدید کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ درخواستوں کی بروقت جانچ اور جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محمد علی رندھاوا نے زونل ہیڈز کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ ایف آئی اے دفاتر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ایجنٹ و ٹاؤٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ دفاتر سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔
اجلاس میں کیش لیس پاسپورٹ فیس ادائیگی کے نظام سے متعلق آگاہی مہم تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام پاسپورٹ دفاتر میں معلوماتی ویڈیوز چلانے اور شہریوں کو جدید ادائیگی کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کو بھی فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام دفاتر میں اس سہولت سے متعلق بینرز اور معلوماتی اسٹینڈیز نمایاں مقامات پر نصب کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اس کے علاوہ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ جن درخواست گزاروں نے ابھی تک اپنے پاسپورٹ وصول نہیں کیے، ان سے فوری رابطہ کر کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق پاسپورٹس کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے۔