پرواز کارڈ کا آغاز، بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری
لاہور: پرواز کارڈ کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے پنجاب حکومت نے ایک اہم سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایسے امیدواروں کو بلاسود مالی معاونت فراہم کی جائے گی جنہیں بیرونِ ملک ملازمت تو مل چکی ہو، لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث وہ اپنی ملازمت جوائن نہیں کر پا رہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق پرواز کارڈ پروگرام کا مقصد نوجوانوں اور ہنر مند افراد کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ویزا، میڈیکل معائنہ، اسکلز ویریفیکیشن، ایئر ٹکٹ، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی فیس اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے بلاسود مالی معاونت دی جائے گی۔
کن افراد کو فائدہ ملے گا؟
حکام کے مطابق اس پروگرام سے ہنر مند، نیم ہنر مند، غیر ہنر مند کارکنوں کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد بھی استفادہ کر سکیں گے۔ دی جانے والی مالی معاونت آسان اقساط میں واپس کی جا سکے گی اور اس پر کسی قسم کا سود یا اضافی فنانسنگ چارجز عائد نہیں ہوں گے۔
درخواست دینے کی شرائط
پرواز کارڈ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے۔ درخواست گزار کے پاس درست قومی شناختی کارڈ، پنجاب کا ڈومیسائل اور بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ پیشکش موجود ہونا ضروری ہے۔
درخواست کا طریقہ کار
پنجاب حکومت کے مطابق درخواست جمع کرانے، اس کی جانچ پڑتال اور درخواست کی پیش رفت معلوم کرنے کا پورا نظام ڈیجیٹل بنایا گیا ہے تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل ہونے کی صورت میں درخواست پر 7 سے 10 دفتری دنوں میں کارروائی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم یہ ضروری تصدیق اور شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا۔
جن کے پاس ملازمت نہیں، ان کے لیے بھی موقع
حکام کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جنہیں ابھی بیرونِ ملک ملازمت کی پیشکش موصول نہیں ہوئی، وہ رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے دستیاب تصدیق شدہ غیر ملکی ملازمتوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ملازمت کی پیشکش ملنے کے بعد وہ بھی مقررہ شرائط پوری کر کے بلاسود مالی معاونت کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
اس کے علاوہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ رجسٹریشن کرا کر اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں اور قانونی و شفاف طریقہ کار کے تحت بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔