|

سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے کا آسان حل ماہرین نے بتا دیا

اگر تمباکو نوشی کی عادت سے نجات حاصل کرنا آپ کے لیے مشکل ثابت ہو رہی ہے تو طبی ماہرین کی تازہ تحقیق امید افزا خبر لے کر آئی ہے، روزمرہ زندگی میں یوگا کو شامل کرنا نہ صرف سگریٹ چھوڑنے کے امکانات میں نمایاں اضافہ کرتا ہے بلکہ اس دوران پیش آنے والی ذہنی اور جسمانی مشکلات کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

طبی جریدے نکوٹین اینڈ ٹوبیکو ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یوگا تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے ایک مؤثر جسمانی سرگرمی ثابت ہوئی ہے، جو اس نقصان دہ عادت سے چھٹکارا پانے کے عمل کو آسان بناتی ہے، یوگا کرنے والے افراد میں سگریٹ نوشی ترک کرنے کی کامیابی کے امکانات تقریباً 50 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔

تحقیق کے دوران ماضی میں ہونے والی مختلف سائنسی تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس مقصد کے لیے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 629 افراد پر کیے گئے 7 طبی آزمائشی مطالعات کے شواہد کا تجزیہ کیا گیا، جبکہ مزید 5 تحقیقی رپورٹس کے نتائج بھی شامل کیے گئے تاکہ یوگا کے اثرات کا جامع انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق نتائج سے واضح ہوا کہ یوگا صرف سگریٹ نوشی ترک کرنے میں مدد نہیں دیتا بلکہ ان علامات کی شدت بھی کم کرتا ہے جن کا سامنا اکثر افراد سگریٹ چھوڑنے کے بعد کرتے ہیں۔ ان میں بے چینی، ذہنی دباؤ، افسردگی اور نکوٹین کی شدید خواہش جیسی کیفیات شامل ہیں، جو اکثر افراد کو دوبارہ تمباکو نوشی کی طرف لے جاتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ یوگا جسمانی اور ذہنی سکون فراہم کرکے خود پر قابو پانے کی صلاحیت بہتر بناتا ہے، جس کے باعث تمباکو نوشی ترک کرنے کا عمل نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق اگر اس سرگرمی کو باقاعدگی سے معمول کا حصہ بنایا جائے تو اس کے مثبت نتائج مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق تمباکو نوشی دنیا بھر میں کینسر، دل کی بیماریوں، سانس کے امراض اور متعدد دیگر جان لیوا بیماریوں کی بڑی وجہ ہے۔ ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال تمباکو نوشی سے وابستہ بیماریوں کے باعث دنیا بھر میں تقریباً 87 لاکھ افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بارہا کوشش کے باوجود اس لت سے نجات حاصل نہیں کر پاتے۔

تحقیق میں یہ بھی جانچا گیا کہ یوگا کی مختلف اقسام تمباکو نوشی چھوڑنے میں کس حد تک مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ تقریباً تمام اقسام کسی نہ کسی حد تک فائدہ پہنچاتی ہیں، تاہم باقاعدگی سے یوگا کرنے والے افراد میں نکوٹین سے دور رہنے کی صلاحیت زیادہ مضبوط دیکھی گئی۔

دوسری جانب اس سے قبل دسمبر 2023 میں آسٹریا کی انسبرک یونیورسٹی کی ایک الگ تحقیق میں بھی جسمانی سرگرمیوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے میں مفید قرار دیا گیا تھا۔ اس تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص سگریٹ پینے کی شدید خواہش محسوس کرے تو صرف 10 منٹ کی تیز چہل قدمی یا گھر کے اندر معتدل ورزش بھی اس خواہش کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔

اس تحقیق میں تمباکو نوشی کے عادی 16 افراد کو شامل کیا گیا، جنہیں ایک رات تک سگریٹ سے دور رکھا گیا۔ اس کے بعد بعض افراد کو 10 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی، بعض کو گھر کے اندر ورزش اور کچھ افراد کو بغیر کسی جسمانی سرگرمی کے بیٹھے رہنے کی ہدایت دی گئی۔ اس دوران ورزش سے پہلے اور بعد میں ان کی سگریٹ پینے کی خواہش اور دیگر علامات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مختصر دورانیے کی جسمانی سرگرمی کے بعد سگریٹ پینے کی خواہش میں نمایاں کمی واقع ہوئی، جبکہ نکوٹین سے دور رہنے کے دوران پیدا ہونے والی علامات بھی نسبتاً ہلکی ہو گئیں۔ محققین کے مطابق ابتدائی شواہد سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کھلی فضا میں چہل قدمی کے بعد تقریباً 26 منٹ اور گھر کے اندر ورزش کے بعد تقریباً 17 منٹ تک سگریٹ پینے کی خواہش میں واضح کمی برقرار رہ سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید طبی تحقیق کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ تمباکو نوشی چھوڑنا ہر فرد کے لیے مختلف تجربہ ہوتا ہے، تاہم دستیاب سائنسی شواہد اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ یوگا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمیاں اس مشکل مرحلے کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور تمباکو نوشی سے ہمیشہ کے لیے نجات کے امکانات بڑھا سکتی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *