| |

ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری، 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان نے ہفتہ وار مہنگائی کی تازہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.29 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ صرف 9 اشیا سستی ہوئیں، جس سے عام صارفین کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 10.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چکن 9.19 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح دال چنا کی قیمت میں 2.43 فیصد، مرچ پاؤڈر میں 1.01 فیصد، سرسوں کے تیل میں 0.99 فیصد، چائے کی پتی میں 0.57 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.52 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

سالانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ریکارڈ کیا گیا، جو 178.03 فیصد مہنگے ہوئے۔ اسی عرصے میں پیاز 84.65 فیصد، آٹا 80.02 فیصد، ایل پی جی 53.83 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 34.44 فیصد اور پٹرول 25.97 فیصد مہنگا ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرچ پاؤڈر کی قیمت میں سالانہ 16.37 فیصد، مٹن میں 16.12 فیصد، کیلے 15.11 فیصد، بیف 13.81 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 9.37 فیصد مہنگی ہوئی۔

دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ڈیزل 1.66 فیصد، پٹرول 0.63 فیصد، کیلے 1.20 فیصد، چینی 0.51 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 0.29 فیصد سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو 30.65 فیصد، دال چنا 17.86 فیصد، چینی 17.60 فیصد، چکن 15.65 فیصد، نمک پاؤڈر 14.09 فیصد، دال مسور 13.02 فیصد، انڈے 9.66 فیصد اور دال مونگ 6.25 فیصد سستی ہوئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق خوراک سے متعلق بنیادی اشیا کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عام شہریوں کے لیے مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ قیمتوں میں کمی والی چند اشیا اس بوجھ کو مکمل طور پر کم کرنے کے لیے کافی نہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *