|

ہمیشہ کہا کہ مجھے رول دیں تو کام کرنےکا پورا موقع دیں، ہاتھ نہ باندھے جائیں: یونس خان

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم یونس خان نے کہا ہے کہ اگر انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کوئی ذمہ داری دی جائے تو مکمل اختیارات اور آزادانہ انداز میں کام کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ان کی مختلف ادوار میں پی سی بی کے کئی چیئرمینز سے بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق اکثر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ یونس خان اختیارات چاہتے ہیں، حالانکہ ان کا مقصد صرف مؤثر انداز میں کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ چیئرمین پی سی بی سے یہی مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ اگر کوئی کردار دیا جائے تو ان کے ہاتھ نہ باندھے جائیں اور انہیں اپنی ٹیم اور منصوبہ بندی کے مطابق کام کرنے کی آزادی دی جائے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بھاری معاوضے یا اختیارات سے زیادہ اہم کام کی آزادی اور نتائج دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ کبھی معاوضے کی بات کریں گے تو اپنی نہیں بلکہ ٹیم میں سب سے کم معاوضہ لینے والے فرد کے حق میں کریں گے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ان کی واپسی کا امکان موجود ہے، تاہم اس کے لیے کھلاڑیوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2003 ورلڈ کپ کے بعد سینئر کھلاڑیوں کے جانے پر نئی قیادت نے ذمہ داری سنبھالی تھی، اسی طرح موجودہ کھلاڑی بھی اگر بڑے مقصد کے ساتھ کھیلیں گے تو پاکستان کرکٹ کو بہتر اور مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *