بھارت نے پہلی ڈینگی ویکسین کی منظوری دیدی
ڈینگی بخار مچھروں سے پھیلنے والی ایک عام بیماری ہے، جو ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہے۔ اس مرض میں تیز بخار کے ساتھ فلو جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں، جبکہ شدید صورت اختیار کرنے پر خون بہنے اور جان لیوا پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
پاکستان کی طرح بھارت بھی ڈینگی سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں اب پہلی مرتبہ ڈینگی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی گئی ہے۔
بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق جاپانی کمپنی ٹاکیڈا کی تیار کردہ Qdenga ویکسین کو 21 جولائی کو استعمال کی اجازت دی گئی۔
سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے اس ویکسین کی منظوری 4 سے 60 سال عمر کے افراد کے لیے دی ہے۔
حکام کے مطابق منظوری سے قبل ویکسین کے معیار، افادیت اور محفوظ ہونے سے متعلق تمام ضروری آزمائشیں مکمل کی گئیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ Qdenga ویکسین 4 سے 60 سال کی عمر کے افراد کو ڈینگی جیسے سنگین مرض سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔