| |

اسلام آباد ہائیکورٹ: اینٹی نارکوٹکس فورس میں نئی بھرتیوں پر حکمِ امتناعی جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے جاری کردہ بھرتیوں کے اشتہار پر تاحکمِ ثانی عملدرآمد روکنے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی درخواست پر حتمی فیصلہ آنے تک بھرتی کا عمل معطل رکھنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے متفرق درخواست منظور کر لی ہے، جبکہ کیس کی اگلی سماعت کے لیے 22 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

درخواست گزار کانسٹیبل محمد شفیق خان نے وکیل محمد علی رضا کے ذریعے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے اے این ایف میں تعینات ہیں، لیکن انہیں ترقی کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 665 کانسٹیبلز کی سینیارٹی لسٹ میں 232 ویں نمبر پر ہونے کے باوجود ان کی حق تلفی ہوئی۔

مزید براں درخواست میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ قانون اور ڈائریکٹر جنرل اے این ایف کو فریق بنایا گیا ہے۔

کانسٹیبل نے مؤقف اپنایا کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلائے بغیر براہِ راست بھرتیاں کرنا سروس رولز کے منافی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ ملازمین کا حق مار کر نئی بھرتیاں کرنا سراسر غیر قانونی اقدام ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دیگر اداروں سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران کی غیر قانونی مداخلت کو روکا جائے۔ عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اے این ایف کا حالیہ بھرتی اشتہار کالعدم قرار دے کر خالی اسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کے لیے فوری طور پر ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *