طبی ماہرین نے نہار منہ پینے والے صحت بخش مشروبات کے فوائد بتا دیے
وزن کم کرنے کے لیے سخت ڈائٹنگ اور مہنگے غذائی منصوبے ہر شخص کے لیے قابلِ عمل نہیں ہوتے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ چند قدرتی مشروبات کو صبح نہار منہ معمول بنانے سے وزن گھٹانے کے عمل میں مدد مل سکتی ہے۔ ان مشروبات کو کسی جادوئی علاج کے بجائے مجموعی صحت مند عادات کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہربل ڈیٹوکس چائے دن کا آغاز کرنے کے لیے ایک مفید انتخاب ہو سکتی ہے۔ اس میں عام طور پر ادرک، ملیٹھی اور بعض قدرتی جڑی بوٹیاں شامل کی جاتی ہیں، جو ہاضمے کو بہتر بنانے، میٹابولزم کو متحرک کرنے اور بھوک کو کسی حد تک قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
ہلدی ملا گرم پانی بھی صحت کے حوالے سے توجہ حاصل کر رہا ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق ہلدی میں موجود قدرتی مرکبات جسم میں سوزش کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں، جبکہ اسے لیموں یا تھوڑے سے شہد کے ساتھ استعمال کرنے سے ہاضمے اور میٹابولزم پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہوتا ہے۔
آیورویدک طریقہ علاج میں گھی کو بھی صحت بخش چکنائی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ مناسب مقدار میں گرم پانی کے ساتھ گھی استعمال کرنے سے دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس رہ سکتا ہے، جس کے باعث مجموعی طور پر کم کیلوریز استعمال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اسی طرح پانی میں مناسب مقدار میں سیب کا سرکہ ملا کر پینے کو بھی بعض ماہرین بھوک کم کرنے، ہاضمہ بہتر بنانے اور خون میں شوگر کی سطح متوازن رکھنے کے حوالے سے مفید قرار دیتے ہیں۔
لیموں پانی بھی صبح کے اوقات میں استعمال ہونے والے مقبول مشروبات میں شامل ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور یہ مشروب ہاضمے کو بہتر بنانے اور جسم کو تروتازہ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ تمام مشروبات صرف اسی صورت فائدہ پہنچا سکتے ہیں جب انہیں متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ اپنایا جائے، جبکہ کسی بھی طبی بیماری کی صورت میں انہیں روزمرہ معمول بنانے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کیا جانا چاہیے۔