حافظ نعیم الرحمن کا اتوار 9 اگست کوچاروں گورنر اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان
لاہور: پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور لیوی ٹیکس کیخلاف جماعت اسلامی کا پاکستان کے پانچ سو سے زائد مقامات پر احتجاج جاری ہے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےقرطبہ چوک پر مرکزی خطاب میں 9اگست کو چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن احتجاجی نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج میں کوئی ایمبولینس ایسی نہیں تھی جسے راستہ نہ دیا گیا ہو،یہ سب لوگ اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ مہنگائی ان پر ڈالی گئی ہے،عالمی منڈی میں جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کم ہونا شروع ہوئیں تو انھوں نے قیمتیں بڑھادیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹیکسزمیں اضافہ ہوتا رہا، یہ احتجاج کا باب رکنے والا نہیں ہے، اگر میں کہوں کہ یہاں سے جانا نہیں ہے تو کیا آپ سب لوگ تیارہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لڑنا ہو گا، اپنےحق کے لئے، قوم کو معلوم ہی نہیں تھا کہ یہ حکمران کیسے عوام کو لوٹ رہےہیں، اربوں روپے ٹیکسز کی مد میں عوام سے لوٹ لئےگئے، یہ لیوی 8 ہزار ارب روپے کی ہے، ہم نے پوری قوم کے سامنے انکو ننگا کر دیا ہے، یہ لیوی کا پھٹہ ہٹانا پڑے گا،ہمیں یہ لیوی منظور نہیں ہے، کیا مریم بی بی نے11 ارب روپے کا جہاز آئی ایم ایف سے پوچھ کر خریدا ہے، مریم بی بی نے 11 ارب کا جہاز آپ کے اور میرے پیسوں سے خریدا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہناتھا کہ مہنگائی کا اثر تو غریب لوگوں پر ہوتا ہے ان حکمرانوں کو کیا اندازہ،پاکستان کی اشرافیہ سے پوچھتا ہوں کہ کیا انھیں مہنگائی کا پتہ بھی ہے؟ اس نظام کو بدلنا ہے، کانٹ چھانٹ سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، اس گندے نظام کو جڑ سے نکال کر پھینکنا ہو گا،تب انقلاب آئے گا، سیاست کو عبادت سمجھ کر رہے ہیں،25کروڑ عوام کے لئےکر رہے ہیں، ہم وہ ریاست چاہتے ہیں جس میں عوام شامل ہو،ہم نے یہ ریاست اللہ کے نام پر حاصل کی تھی، ریاست کسی افسر یا اشرافیہ کی نہیں ہو سکتی، پٹرولیم لیوی، بجلی کے ٹیکس ختم کرو، ایک بڑی جدوجہد عوام کی منتظر ہے۔
ان کا کہناتھا کہ یہ احتجاج بس ایک ٹریلر تھا،کل گیپ دےرہےہیں بس، پرسوں، اتوار کے روزجماعت اسلامی سی ایم ہاؤس کی طرف جائےگی،یہ تاریخی جدوجہد شروع ہو چکی ہے، اتوار کو چاروں صوبوں میں وزراء اعلیٰ اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا ہو گا، وزیر آباد اور گوجرانولہ سمیت مختلف علاقوں میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ہم پرسوں آئیں گے، اور پوری قوت کے ساتھ آئیں گے۔