کراچی: چہلم کے مرکزی جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ بند، ٹریفک پلان جاری
کراچی: چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک انتظامات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت 4 اگست بروز منگل مرکزی جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی متعدد اہم سڑکوں پر آمدورفت محدود رہے گی اور مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے روانہ ہوگا، جس کے پیش نظر جلوس کے راستے اور اطراف کی شاہراہوں پر خصوصی ڈائیورژن نافذ کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
جاری کردہ ٹریفک پلان کے تحت صدر سے ٹاور جانے والی گاڑیوں کو پریڈی اسٹریٹ اور آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا، جبکہ لائٹ ہاؤس، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک اور تبت سینٹر کے اطراف بھی متبادل راستوں پر ٹریفک چلائی جائے گی۔
شاہراہِ قائدین سے آنے والی گاڑیوں کو کشمیر روڈ اور پیپلز چورنگی کی جانب بھیجا جائے گا، جبکہ کورنگی، لانڈھی اور نیشنل ہائی وے سے شہر آنے والی ٹریفک کو راشد منہاس روڈ کے ذریعے سپر ہائی وے کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح ناظم آباد سے آنے والی گاڑیاں لسبیلہ، گارڈن اور نشتر روڈ کے راستے اپنی منزل تک پہنچ سکیں گی، جبکہ لیاقت آباد کی سمت سے آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے ناظم آباد نمبر 10 کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ حسن اسکوائر سے آنے والی گاڑیاں شارع قائدین، سوسائٹی لائٹ سگنل اور تین ہٹی کے ذریعے لسبیلہ چوک تک پہنچ سکیں گی جبکہ شارع فیصل سے آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی لائٹ سگنل سے شیر شاہ سوری روڈ کی جانب موڑا جائے گا۔ جمشید روڈ سے گرومندر جانے والے شہریوں کو بہادر یار جنگ روڈ یا سولجر بازار روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق بھاری مال بردار گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ صبح 10 بجے سے مرکزی جلوس کے اختتام تک ہیوی ٹریفک کو کراچی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ جلوس کے پورے راستے پر ہر قسم کی پارکنگ بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جلوس کے روٹ پر پارک کی جانے والی گاڑیوں کو فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں انہیں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے تحویل میں لے لیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل متبادل راستوں سے متعلق معلومات حاصل کر کے سفر کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔