کرک میں پولیس موبائل پر آئی ای ڈی حملہ، ایک اہلکار شہید، 6 زخمی
کرک: خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس موبائل وین پر آئی ای ڈی حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے پہاڑی علاقے غول بانڈہ بہادر خیل کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس موبائل وین کو آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پولیس موبائل سر درگہ کی جانب جا رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں وین میں سوار 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں واجد، سید شاہ، نورشلی، عمران، شمیم، گوہر اور یاسین شامل ہیں، زخمی اہلکار واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید پولیس اہلکار کا تعلق کرک کے علاقے گڈی خیل سے بتایا گیا ہے۔
دیگر 6 زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور حملے میں استعمال ہونے والے آئی ای ڈی سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔