ویانا میوزیم میں دن دہاڑے ہیرے کا قیمتی ہار چوری، چور ہتھوڑے سے شیشہ توڑ کر فرار
ویانا: آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں چوروں نے دن دہاڑے میوزیم آف اپلائیڈ آرٹس سے 40 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کا قیمتی ہیروں کا ہار چوری کرلیا اور واردات کے بعد قریبی پارک کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو مشتبہ افراد زیورات کی نمائش دیکھنے کے بہانے میوزیم میں داخل ہوئے۔ دونوں نے چہرے نہیں ڈھانپ رکھے تھے۔ ملزمان نے نمائش میں رکھے شیشے کے ڈسپلے کو ہتھوڑے سے توڑا اور 673 ہیروں سے مزین قیمتی ہار لے کر فرار ہوگئے۔
واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا، جس میں تربیت یافتہ کتوں کی مدد بھی لی جارہی ہے، واردات کے 3 روز گزرنے کے باوجود پولیس کو تاحال ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس نے میوزیم میں داخلے سے قبل دونوں مشتبہ افراد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے اور ان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں جبکہ مزید شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہےکہ چوری ہونے والا قیمتی ہار فرانسیسی جیولری ہاؤس وان کلیف اینڈ آرپلز سے میوزیم نے ادھار حاصل کیا تھا۔ یہ ہار 1930 کی دہائی میں مصر کی ملکہ نازلی کے لیے تیار کیا گیا تھا اور اس میں 673 ہیرے جڑے ہوئے ہیں۔ہار کو میوزیم کی اپنی ملکیت میں موجود قیمتی اشیا کے ساتھ خصوصی نمائش میں رکھا گیا تھا۔