کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں تیز رفتار ڈالے کی ٹکر سے پھول فروش جاں بحق، بیٹا زخمی
کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں خیابانِ بخاری سگنل کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے نے ایک غریب خاندان کو ہمیشہ کے لیے سوگوار کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک تیز رفتار ڈبل کیبن ڈالا بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گیا۔ حادثے کے وقت 40 سالہ خادم اپنے بچوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر سویا ہوا تھا کہ بے قابو گاڑی ان پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں خادم موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا 4 سالہ بیٹا ذیشان شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد ڈرائیور نے زخمی بچے اور جاں بحق ہونے والے شخص کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا، تاہم اسپتال پہنچتے ہی وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی پر کسی قسم کی نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے ملزم کی گرفتاری میں دشواری کا سامنا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم اور گاڑی کا سراغ لگا رہے ہیں۔
جاں بحق ہونے والا خادم کورنگی کے علاقے ناصر جمپ کا رہائشی تھا اور روزانہ اپنے بچوں کے ساتھ ڈیفنس کے سگنلز پر پھول فروخت کرکے گزر بسر کرتا تھا۔ متوفی کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد پہلے محنت مزدوری کرتے تھے لیکن ٹانگ ٹوٹنے کے بعد انہوں نے بچوں کے ساتھ مل کر پھول بیچنا شروع کر دیے۔
بیٹے نے مزید بتایا کہ ان کا خاندان 7 بہن بھائیوں پر مشتمل ہے جن پر اب فاقوں کا سایہ منڈلا رہا ہے۔