پینک بٹن، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اہم اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پینک بٹن کی سہولت مزید وسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں مزید 1500 بٹن نصب کیے جائیں گے۔
یوم آزادی کے موقع پر پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سیف اسمارٹ سٹیز پراجیکٹ کو ہر تحصیل اور یونین کونسل تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے ہر پولیس اسٹیشن اور نمایاں عوامی مقامات پر پینک بٹن لگائے جائیں گے، تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے۔
پنجاب میں سیف سٹی نیٹ ورک کا دائرہ وسیع
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پنجاب کے ہر ضلع کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کیا جاچکا ہے۔ ایک ہی اسکرین پر پورے پنجاب کی نگرانی ممکن ہونا ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون فائیو کے ذریعے عوام کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کام کررہا ہے، جبکہ پنجاب ٹیکنالوجی، اسمارٹ پولیسنگ اور پیش گوئی پر مبنی پولیسنگ میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کا کریڈٹ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی دیا اور انہیں سیف سٹی منصوبے کا بانی قرار دیا۔
کچے کے علاقوں میں امن و امان میں بہتری کا دعویٰ
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں پنجاب کے 70 سے زائد علاقے نو گو ایریا کہلاتے تھے، جہاں شام کے بعد آمدورفت محدود ہوجاتی تھی، تاہم اب کچے سمیت صوبے میں کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں رہا۔
ان کے مطابق کچے کے علاقے میں تقریباً 10 ماہ سے سنگین جرائم اور اغوا برائے تاوان کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اسی علاقے میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں بچوں کے ہاتھوں میں ہتھیاروں کے بجائے بیٹ اور لانچر کی جگہ بال نے لے لی ہے۔ حکومت ان علاقوں میں صحت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر 30 ارب روپے خرچ کرے گی۔
مریم نواز کے مطابق کچے کے علاقے کو بھی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ترقی یافتہ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔