آزاد کشمیر میں حکومت سازی، مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس مری میں طلب
مری(رضوان عباسی): آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج مری کے گورنر ہاؤس میں ہوگا، جس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب سمیت آئندہ سیاسی سیٹ اپ سے متعلق اہم فیصلوں پر مشاورت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں نواز شریف کریں گے، جبکہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا جائے گا، جبکہ حکومت بنانے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔
نئے وزیراعظم کے نام پر غور
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی میں پارٹی پوزیشن، نومنتخب ارکان کی رائے اور موجودہ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے وزیراعظم کے نام پر غور کیا جائے گا۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب، کابینہ کی تشکیل اور اہم محکموں کی تقسیم سے متعلق معاملات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے وزیراعظم کا نام طے کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کی قیادت مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کرے گی، جبکہ آئینی عہدوں اور دیگر اہم ذمہ داریوں کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب پر مشاورت ہوگی۔
پارلیمانی حکمت عملی بھی زیر غور
اجلاس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اندر مسلم لیگ ن کی پارلیمانی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے اور آئندہ اسمبلی اجلاسوں کے لیے سیاسی لائحہ عمل طے کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق نومنتخب مسلم لیگ ن ارکان اسمبلی سے بھی حکومت سازی اور آئندہ پارلیمانی ایجنڈے کے حوالے سے رائے لی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر رانا ثناء اللہ اور انجینئر امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر مرکزی رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، برجیس طاہر اور پرویز رشید سمیت دیگر رہنماؤں کی شرکت کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر اور حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان اسمبلی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والا یہ اجلاس آزاد کشمیر کی آئندہ حکومت، کابینہ، مخصوص نشستوں، آئینی عہدوں اور اسمبلی کی پارلیمانی حکمت عملی کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔