امریکا میں دنیا کی طویل ترین فوس بال ٹیبل نے ریکارڈ قائم کر دیا
فیفا ورلڈ کپ کے جوش و خروش کو منفرد انداز میں مناتے ہوئے امریکا کی ایک کمپنی نے دنیا کی سب سے طویل فوس بال ٹیبل تیار کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ نیویارک میں تیار کی گئی یہ غیر معمولی فوس بال ٹیبل 525 فٹ طویل ہے، جس نے اس سے قبل ترکیے کے پاس موجود ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس شاہکار کا عوامی مظاہرہ 11 جولائی کو نیویارک کے علاقے بروکلین میں کیا گیا، جہاں ایک سڑک کو کھیل کے میدان میں تبدیل کر دیا گیا۔ سیکڑوں فٹ پر محیط اس طویل ٹیبل پر درجنوں افراد نے بیک وقت فوس بال کھیل کر نہ صرف حاضرین کی توجہ حاصل کی بلکہ اس منفرد منظر کو یادگار بھی بنا دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ فوس بال ٹیبل جسامت کے اعتبار سے تقریباً 112 عام سائز کی فوس بال ٹیبلز کے برابر ہے، جس کی تیاری کا مقصد فیفا ورلڈ کپ کی خوشیوں کو ایک منفرد انداز میں منانا اور ایک نیا عالمی اعزاز حاصل کرنا تھا۔
تقریب کے دوران گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے مائیکل ایمپرک بھی موجود تھے، جنہوں نے تمام پیمائشوں اور ضوابط کا جائزہ لینے کے بعد نئے عالمی ریکارڈ کی باضابطہ توثیق کی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے باوجود تقریب کامیابی سے مکمل ہوئی، جبکہ اتنی طویل فوس بال ٹیبل دیکھنا ایک غیر معمولی تجربہ تھا کیونکہ یہ شہر کے ایک پورے بلاک سے بھی زیادہ فاصلے تک پھیلی ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کی سب سے طویل فوس بال ٹیبل بنانے کا اعزاز ترکیے کے پاس تھا، جہاں 2023 میں 497 فٹ 8.4 انچ لمبی فوس بال ٹیبل تیار کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا، تاہم اب یہ اعزاز امریکا کے نام ہو گیا ہے۔