امریکی ایوان نمائندگان کی فیلڈمارشل سے ملاقات:دفاعی ومعاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی: امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین نے فیلڈ مارشل سے جی ایچ کیو میں اہم ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرمیں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرنے والوں میں ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) شامل تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام اقتصادی ترقی،تجارتی توسیع اور رابطوں میں گہرا تعلق رکھتا ہے،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا مقصد کاروباردوست ماحول اورسرمایہ کاری کوفروغ دیناہے۔
انہوں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور معاشی مضبوطی میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ معاشی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور تجارتی تعلقات میں اضافے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
امریکی وفد نے پاک فوج کی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکا کے درمیان معاشی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔