جسم پر سب سے زیادہ شارک ٹیٹوز بنوانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم
امریکا میں شارک مچھلیوں سے غیرمعمولی وابستگی رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے جسم پر 106 شارک ٹیٹو بنوا کر منفرد عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں خواتین کے زمرے میں جسم پر سب سے زیادہ شارک ٹیٹوز رکھنے والی شخصیت قرار دیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست مین سے تعلق رکھنے والی ایملی موریسن پیشے کے اعتبار سے شارک پر تحقیق کرنے والی ماہر ہیں جبکہ وہ شارک فوسلز کی غوطہ خوری سے متعلق سیاحتی کمپنی بھی چلاتی ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں رواں سال مئی میں اس منفرد کارنامے پر باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کا حامل قرار دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایملی، جنہیں “شارک لیڈی ایملی” کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے، نے بتایا کہ ان کی زندگی میں شارک سے دلچسپی کا آغاز درحقیقت خوف سے ہوا تھا، 8 برس کی عمر میں فلم “Jaws” دیکھنے کے بعد وہ شارک سے خوفزدہ ہو گئی تھیں، تاہم ان کے والد نے انہیں لائبریری سے شارک مچھلیوں کے بارے میں مستند معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ تحقیق کے دوران ان کا خوف آہستہ آہستہ دلچسپی اور پھر گہری محبت میں تبدیل ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ برسوں کے دوران انہیں دنیا کے مختلف سمندری علاقوں میں شارک مچھلیوں کے قریب جانے اور ان کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ ایملی کے مطابق وہ بہاماس میں ٹائیگر شارک اور گریٹ ہیمرہیڈ شارک کو خوراک کھلا چکی ہیں، آسٹریلیا میں گریٹ وائٹ شارک کے ساتھ حفاظتی پنجرے میں غوطہ خوری کا تجربہ بھی حاصل کر چکی ہیں، جبکہ میکسیکو کے ساحل پر وہیل شارک کے ساتھ تیرنے کا منفرد تجربہ بھی ان کے حصے میں آ چکا ہے۔
شارک سے ان کی غیرمعمولی وابستگی اب ٹیلی وژن کی دنیا تک بھی پہنچ گئی ہے۔ ایملی موریسن جلد ہی ڈسکوری چینل کے سالانہ خصوصی پروگرام “شارک ویک” کے دوران نشر ہونے والے خصوصی شو “My Strange Shark Addiction” میں بھی نظر آئیں گی، جس کی نشریات اتوار سے شروع کی جائیں گی۔