ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، اوگرا نرخ نظر انداز، گیس 450 روپے کلو تک فروخت
اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 254 روپے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں گیس مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
کراچی میں اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب نہیں، جہاں مختلف علاقوں میں گیس 340 سے 370 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
لاہور میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں واضح فرق دیکھا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے جو اوگرا کے مقررہ نرخ سے کہیں زیادہ ہے۔
کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ سرکاری نرخ تقریباً 252 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود ہول سیل مارکیٹ میں ایل پی جی 380 سے 420 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 120 روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔