صدرمملکت نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سمیت مختلف ممالک کے سفیر بھی شریک ہوئے۔
جنرل عامر رضا کو اعزاز دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام نے شرکت کی۔ ایران، ترکیہ اور دیگر ممالک کے سفیر بھی تقریب میں موجود تھے۔
جنرل عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج کی آرمڈ کور رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے تعلیم حاصل کی۔
فوجی خدمات کے دوران جنرل عامر رضا کو اس سے قبل ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت جیسے اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ انہیں حال ہی میں ترقی دے کر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔
دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف اہم معاملات سے متعلق 5 سمریوں اور بلوں کی بھی منظوری دے دی۔ منظور کیے گئے قوانین میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، مالیاتی اداروں کی مالی رقوم کی وصولی ترمیمی بل 2026 اور وفاقی بورڈ آف ریونیو ترمیمی بل 2026 شامل ہیں۔
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے سید علی محمود کو پاکستان سول ایوارڈ عطا کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ منظوری ان کی خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہے۔
صدر مملکت نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان انسداد بدعنوانی کے قوانین کے نفاذ میں باہمی تعاون سے متعلق مکہ مکرمہ کنونشن کی توثیق کی منظوری بھی دے دی۔
یوں صدر مملکت کی جانب سے ایک ہی روز عسکری اعزاز دینے کے ساتھ مختلف قانون سازی، سول اعزاز اور بین الاقوامی معاہدے سے متعلق اہم سمریوں کی منظوری بھی دی گئی۔