رویت ہلال کمیٹی کو وزارت مذہبی امور کی چھت پر ربیع الاول کا چاند دیکھنے سے روک دیا گیا
اسلام آباد: ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے اسلام آباد میں موجود مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو وزارت مذہبی امور کی عمارت کی چھت پر جانے کی اجازت نہیں مل سکی۔ کمیٹی کی سربراہی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کوہسار کمپلیکس کی چھت پر چاند دیکھنے کیلئے جانے سے روک دیا گیا، جس کے بعد کمیٹی کے ارکان اور ماہرین فلکیات نے اپنا مشاہداتی انتظام عمارت کی پارکنگ میں منتقل کردیا۔
پارکنگ میں دوربین نصب کردی گئی
چھت پر جانے کی اجازت نہ ملنے کے بعد ماہرین فلکیات نے دوربین کوہسار کمپلیکس کی پارکنگ میں نصب کردی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان بھی اسی مقام سے نئے اسلامی مہینے کا چاند دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس دوران ماہرین فلکیات اور رویت ہلال کمیٹی کے ارکان نے آسمان پر چاند کی موجودگی کا مشاہدہ جاری رکھا ہوا ہے۔
بادلوں کے باعث چاند نظر آنے میں مشکل کا امکان
چاند کی رویت کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ مغربی سمت میں بادل موجود ہونے کے باعث چاند دیکھنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں اور مشاہدے کے بعد کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور دیگر ارکان دوربین کے ذریعے چاند دیکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
عوام کی نظریں اب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حتمی اعلان پر ہیں، جس کے بعد ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی تاریخ کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگی۔