|

قومی ٹیم آئندہ سال پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے انگلینڈ جائے گی

پاکستان کرکٹ ٹیم 2027 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔

کرکٹ سے متعلق معتبر ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز 15 سے 26 مئی 2027 تک انگلینڈ کے مختلف شہروں میں منعقد ہوگی اور دونوں ٹیموں کے لیے عالمی کپ سے قبل اہم آزمائش سمجھی جا رہی ہے۔

شیڈول کے مطابق سیریز کا آغاز 15 مئی کو ساؤتھمپٹن سے ہوگا جبکہ دوسرا مقابلہ 19 مئی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تیسرا ون ڈے 21 مئی کو لیڈز، چوتھا 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ اور سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 26 مئی کو کارڈف میں منعقد ہوگا۔

یہ سیریز دونوں ٹیموں کو عالمی کپ سے قبل اپنی حکمت عملی، کھلاڑیوں کے امتزاج اور تیاریوں کا جائزہ لینے کا بہترین موقع فراہم کرے گی، کیونکہ اس کے چند ماہ بعد ہی آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا آغاز ہونا ہے۔

عالمی کپ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ موجودہ آئی سی سی ایک روزہ درجہ بندی میں پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز بننے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جبکہ تقریباً چھ برس بعد دونوں ٹیمیں دوبارہ انگلش سرزمین پر 5 ون ڈے میچوں کی مکمل سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *